Aalam Aur Aalim 42th Episode of 2013 with Aamir Liaquat Husain 23-4-2013
  • 11 years ago
Aalam Aur Aalim 42th Episode of 2013 with Aamir Liaquat Husain 23-4-2013
جیو کے عالَم اور عالِم میں سمیرا کی پراسرار موت کی داستان

[جیو کے عالَم اور عالِم میں سمیرا کی پراسرار موت کی داستان ]
کراچی(اسٹاف رپورٹر) 17/ اپریل کو کراچی کے علاقے فقیرا گوٹھ کے ایک مکان میں سمیرا نامی شادی شدہ خاتون مردہ پائی گئی۔محلے والوں نے گولی چلنے کی آواز سنی، شوہرنے اسے خودکشی کا نام دیااورسمیراکے والدکے بقول یہ قتل کی واردات ہے۔حقیقت کیا ہے؟ اس رازپرسے پردہ اٹھانے اوراس پراسرار واردات کے اصل حقائق جاننے کے لیے جیوکے شہر ہٴ آفاق عالَم اور عالِم کا خصوصی پروگرام سہراب گوٹھ پولیس اسٹیشن سے نشر کیا گیا۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سے گفتگوکے دوران اس واردات میں مبینہ طور پر ملوث مقتولہ کے شوہر سلیم اور سسر صدیق بضدنظرآئے کہ یہ خودکشی کا کیس ہے مگرپولیس کے تفتیشی افسران کا کہنا ہے کہ حقائق وشواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ خودکشی نہیں بلکہ قتل کا معاملہ ہے۔ ڈاکٹر عامرلیاقت حسین سے گفتگوکرتے ہوئے ملزم سلیم نے کہا کہ وہ اپنی بیوی کو قتل کرنے کا تصور بھی نہیں کرسکتا،بیوی سے خوشگوار تعلقات تھے،اس کا کہنا تھا کہ وہ بلڈپریشرکی مریضہ تھی اس لیے ممکن ہے کہ اس نے بلڈپریشر کی زیادتی کی وجہ سے خودکشی کرلی ہو ۔ اعانت قتل کے جرم میں گرفتار سمیرا کے سسر صدیق نے اس سلسلے میں اپنے موٴقف کااظہار کرتے ہوئے بتایا کہ مقتولہ کی اپنے شوہراوردیگر سسرال والوں سے خوشگوار تعلقات تھے ، آپس میں کوئی ناچاقی نہیں تھی مگر اس کی موت کے بعد اس کے گھر والوں نے محض شکوک کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کرادی۔ تفتیشی افسران پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ تمام معتبر لوگ ہیں یہ جو فیصلہ کریں گے مجھے قبول ہوگا ،اگر میرا بیٹا اس قتل میں ملوث ہے تو اسے یقینا سزا ملنی چاہیے۔ایس ایچ او سہراب گوٹھ نعیم احمد خان کا کہنا تھا کہ وقوعے سے ایک سے زائد گولیوں کے خول برآمد ہونے سے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ خاتون کو قتل کیا گیا ہے کیونکہ خودکشی کرنے والے کو دوسرا فائر کرنے کی مہلت نہیں ملتی ۔واردات کی تفتیش پر مامور انویسٹی گیشن آفیسر علی محمد سومرو بھی اس موقع پر موجود تھے۔ فریقین کی گفتگوسے اخذکردہ نتائج کی بنیاد پر قتل اورخودکشی کے درمیان معلق اس پراسرار معمے پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا کہ یہ ایک پراسرار معمہ ہے جس میں خودکشی یا قتل کا فیصلہ کیا جانا ہے تاہم خودکشی ایک انتہائی اقدام ہے اور خودکشی جیسا فعل بلاوجہ نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ بیوی کے قتل کے باوجود شوہر کی اطمینان بخش کیفیت شکوک و شبہات کو جنم دیتی ہے اور یہ ظاہر کرتی ہے کہ دال میں کچھ کالاضرور ہے اور شواہد یہی بتارہے ہیں کہ مقتولہ کے تعلقات اپنے شوہر اور سسرال والوں کے ساتھ خوشگوار نہیں تھے ۔

www.aamirliaquat.com, Twitter: @AamirLiaquat
Recommended