Aalam Aur Aalim 48th Episode of 2013 with Aamir Liaquat Husain 2-5-2013

  • 11 years ago
Aalam Aur Aalim 48th Episode of 2013 with Aamir Liaquat Husain 2-5-2013

دائیں اور بائیں، دونوں ہی شریعت کا نفاذ چاہتے ہیں، عامر لیاقت
جیوکے شہرہٴ آفاق پروگرام عالم اور عالم میں گفتگو
کراچی(اسٹاف رپورٹر) جیوکے شہرہٴ آفاق پروگرام عالم اور عالم میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا ہے کہ عموماً یہ تاثر دیاجاتا ہے کہ پاکستانی عوام شریعت کے نفاذ کے حوالے سے متضاد رائے رکھتے ہیں تاہم حقائق یہ بتاتے ہیں کہ پاکستان میں دائیں اور بائیں بازو کاکوئی جھگڑا نہیں اور پوری قوم شریعت کے نفاذ پر متفق ہے۔ چندروز قبل ایک امریکی ادارے کی جانب سے جاری ہونے والی سروے رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ84 فیصد پاکستانی ملک میں شرعی قوانین کو سرکاری قانون بنانے کے حامی ہیں اور اسلامی تعلیمات کو ناصرف یہ کہ اپنی زندگی بلکہ معاشرے اور سیاست میں بھی رہنما بنانا چاہتے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ دائیں اور بائیں بازو والے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں تو کبھی کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ بائیں بازو والے چاہتے ہیں کہ نظریات اور عقائد مسلط نہیں کیے جائیں، مذہب کو ہر انسان کا نجی معاملہ سمجھتے ہوئے اُن میں بے جا مداخلت نہ کی جائے، اللہ اور اس کے بندوں کے درمیان کسی کو حائل نہیں ہونا چاہیے اور دائیں بازو والے چاہتے ہیں کہ فحاشی و عریانیت کے سیلاب کے آگے بند باندھے جائیں، ہر ایرا غیرا مذہب کی تشریح کا فریضہ نہ سنبھالے اور اپنی لبرل سوچ کو عقائد پر مسلط نہ کیا جائے لہٰذا دیکھا جائے تو دونوں ہی شریعت کا نفاذ چاہتے ہیں۔ بعدازاں علم تعبیرکے مفتی عابد مبارک نے ناظرین کے مختلف خوابوں کی تعبیر بیان کرتے ہوئے بتایا کہ خواب میں آگ دیکھنا بیماری اور نقصان کی علامت ہے جبکہ اُس کا پانی سے بجھ جانا رحمت کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض خوابوں کی تعبیر الٹی بھی ہوتی ہے، خواب میں غم دیکھنا خوشی اور خوشی کا دیکھنا غم کی علامت ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ انسان جس سے زیادہ منسلک ہوتا ہے اور جس شے کے بارے میں زیادہ سوچتا ہے وہ تواتر کے ساتھ خواب میں آتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کھانا کھانے کے فوراً بعد سوجانے والوں کے خواب بے اصل ہوتے ہیں ان کی کوئی حقیقت نہیں ہوتی ۔پروگرام کے آخری حصے میں ”مسائل آپ کے ،حل وظائف سے“ میں ڈاکٹر عامرلیاقت حسین سے گفتگو کے دوران سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے سر براہ اورممتاز روحانی شخصیت مولانا بشیر احمد فاروق قادری نے ناظرین کو اُن کے مختلف مسائل کے حل کے لیے قرآن وسنت کی روشنی میں وظائف بتائے ۔ان کا کہنا تھا کہ جمعرات اور جمعے کا روزہ رکھنے سے رشتوں میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ ہوتا ہے جبکہ گمشدہ کی بازیابی کے لیے بعد نماز عشاء یااول کا ایک ہزار بار ورد نفع بخش ثابت ہوتا ہے۔ دوران گفتگو معاف کردینے کی فضیلت اور اس کا مقام بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایمان صبر اور معاف کرنے کا نام ہے، اللہ رب العزت فرماتا ہے جو معاف کرتا ہے وہ معاف کیا جاتا ہے اور جو لوگ دنیا میں معاف کرتے ہیں بروز حشر انہیں داخلِ جنت کرنا اللہ کے ذمے ہے۔مولانابشیر فاروق قادری کے دعائیہ کلمات پر پروگرام کا اختتام ہوا۔
www.aamirliaquat.com, Twitter: @aamirliaquat

Recommended