Aalam Aur Aalim 39th Episode of 2013 with Aamir Liaquat Husain 17-4-2013
  • 11 years ago
Aalam Aur Aalim 39th Episode of 2013 with Aamir Liaquat Husain 17-4-2013

معاشرے میں ظلم وزیادتی بڑھے توزلزلے آتے ہیں، ڈاکٹرعامرلیاقت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سمیت دنیا بھرکے مختلف حصوں میں زلزلے کے خوفناک جھٹکوں کے بعد جیوکے شہرہ آفاق پروگرام عالم اور عالم اسپیشل میں براہ راست گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا ہے کہ جب ظلم و زیادتی حد سے تجاوزکرجائے اور حقوق اللہ و حقوق العبادکی پامالی پر مجرمانہ خاموشی اختیارکی جائے تو قہر خداوندی کا نزول زلزلے کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔ پروگرام کے آغاز میں اپنی پراثرگفتگو کے دوران زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زمین کی ایک ہلکی سی لرزش سارا غرور خاک میں ملادیتی ہے اور یہ اس لیے ہوتا ہے تاکہ انسان کو اس کی اوقات یاد رہے۔ بعدازاں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سے گفتگو کے دوران سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے سربراہ اور ممتاز روحانی شخصیت مولانا بشیر احمد فاروق قادری نے زلزلے کے جھٹکوں کوعذاب الٰہی کی ایک جھلک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اجتماعی عذاب سے بچنے کا طریقہ اجتماعی دعائے توبہ ہے۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسان اللہ کا بڑا ناشکرا واقع ہوا ہے، اسے نعمت ملتی ہے تو وہ بغاوت پراترآتا ہے اور تکلیف کے وقت اسے اللہ یاد آجاتا ہے، قدرتی آفات سے پناہ طلب کرنے سے متعلق ناظرین کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ زلزلے یا کسی اور قدرتی آفت کے وقت استغفراللہ واتوب الیہ اورآیت کریمہ کا کثرت سے ورد کرنا چاہیے، ناگہانی اموات سے بچاؤ کا روحانی نسخہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دن کے تین پہروں میں تین مرتبہ سورہ اخلاص، سورہ فلق اور سورہ الناس کی تلاوت اچانک موت سے محفوظ رکھتی ہے۔ ممتازعالم دین اور ضیائی ریسرچ لائبریری کے نگراں علامہ نسیم احمد صدیقی نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ جب معاشرے میں قتل عام اور زنا کی کثرت ہو تو زمین لرز جاتی ہے اور مخلوق کی آہ و بکا عرش الٰہی کو لرزا دیتی ہے جس پر اللہ کا عذاب کبھی زلزلوں کے جھٹکوں اورکبھی سیلاب کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زلزلے کے حالیہ جھٹکے ایک وارننگ کا درجہ رکھتے ہیں، اگر ہم اب بھی نہ سنبھلے اور اللہ سے اپنے گناہوں کی مغفرت طلب نہ کی تو اس کا نتیجہ بڑی تباہی کی شکل میں سامنے آنے کا اندیشہ ہے۔ پروگرام کے دوران ناظرین نے بھی براہ راست کالزکرکے زلزلے کے جھٹکوں پراپنے جذبات کااظہارکیا اور علمائے کرام سے قرآن و سنت کی روشنی میں رہنمائی طلب کی۔ پروگرام کے آخری حصے میں جب مولانا بشیراحمد فاروق قادری نے آبدیدہ ہوکرگڑگڑاتے ہوئے رب کو پکارا تواسٹوڈیو میں موجود تمام حاضرین اور ٹیلی ویژن اسکرین کے سامنے بیٹھے ہوئے کروڑوں ناظرین اشکبار ہوگئے۔ انہوں نے اللہ کے حضور ندامت کے آنسوؤں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے بخشش کی بھیک طلب کی اور قدرتی آفتوں سے پناہ مانگی۔
www.aamirliaquat.com, Twitter: @aamirliaquat
Recommended