Aalam Aur Aalim 60th Episode of 2013 with Aamir Liaquat Husain 23-5-2013
  • 11 years ago
Aalam Aur Aalim 60th Episode of 2013 with Aamir Liaquat Husain 23-5-2013

اللہ اکبرکا نعرہ لگاکرناحق قتل کرنے والے اسلام کے دشمن ہیں،عامرلیاقت
انسان کا اپنا ہی عکس خواب میں مختلف صورتوں میں ظاہر ہوتا ہے، عالم اور عالم میں علامی حمزہ قادری کا اظہار خیال
علم صرف وہی ہے جس سے لوگوں کو نفع ملے، ورنہ وہ شر کہلاتا ہے، مولانا بشیر فاروق قادری

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا ہے کہ کسی شخص کو یہ اجازت نہیں دی جاسکتی کہ وہ دینی اصطلاحات و کلمات کو استعمال کرکے دہشت گردی کرتا پھرے۔انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ ”اللہ اکبر“ کا نعرہ لگاکرناحق قتل کرنے والے اسلام کے کھلے دشمن ہیں ۔جیوکے شہرہٴ آفاق پروگرام” عالَم اور عالِم“ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے برطانوی وزیراعظم کے اس بیان کو خوش آئنداوربالغ النظری کامظہر قرار دیا جس میں انہوں نے” اللہ اکبر“ کہہ کر برطانوی فوجی کوقتل کرنے والے سیاہ فام شخص کے عمل کو اُس کا انفرادی فعل قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اِس کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ملکی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں جمہوری اقدار،سیاسی اخلاقیات،آزادی اظہارکی باتیں اور دعوے تو بہت کیے جاتے ہیں اوراس حوالے سے مہذب معاشروں کی مثالیں بھی دی جاتی ہیں مگر جب عمل کی بات آتی ہے توہماری ترجیحات بدل جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میدان سیاست کے ہمارے شہسواراِس بات کے دعویدار تو ہیں کہ ریاست اُنہی کے دم قدم سے سانس لیتی ہے لیکن وہ ریاست کی تصویر کومکمل نہیں ہونے دیتے اور اپنے ذاتی مفادات پر اجتماعی مفادات کو فوقیت دیتے ہیں۔ایک حکایت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احساس کمتری یا احساس برتری میں مبتلا لوگ دوسروں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرانے کے لیے اپنے جسم پر ٹیٹوز بنواتے ہیں۔ بعدازاں” عالَم اور عالِم“ کے خوبصورت سلسلے ”اک عالم خواب کا اور تعبیر عالم سے“ میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سے گفتگوکرتے ہوئے علم تعبیرکے ماہر ممتاز عالم دین علامہ حمزہ علی قادری نے کہا ہے کہ انسان کی اپنی ہی شخصیت کا عکس بسااوقات خواب میں مختلف صورتوں میں ظاہر ہوتا ہے جو خونخوار درندے کی شکل میں بھی ہوسکتا ہے اور کسی اورروپ میں بھی ہوسکتا ہے تاہم اس کا دارومدار خواب کی نوعیت پر منحصر ہے۔ ناظرین کے مختلف خوابوں کی تعبیر بیان کرتے ہوئے جماعت اہل سنت سندھ کے نائب امیرنے کہاکہ مرحومین کی جانب سے خواب میں کوئی شے طلب کرنا اس بات کی علامت ہے کہ وہ کسی مشکل میں ہیں اور مددکے طالب ہیں لہٰذا لواحقین کو چاہیے کہ وہ مرحوم کے لیے ایصال ثواب کریں۔ میزبان کے ایک سوال کے جواب میں خطیب اہل سنت کا کہنا تھا کہ انسانی عقل عالم برزخ کا قطعی تعین نہیں کرسکتی۔ پروگرام کے دوسرے حصے میں ڈاکٹر عامرلیاقت حسین سے گفتگو کے دوران ممتاز روحانی شخصیت مولانا بشیر احمد فاروق قادری نے ایامِ بیض کے روزوں کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہر قمری مہینے کی ۳۱، ۴۱ اور ۵۱ تاریخ کو روزے رکھنا سنت نبوی سے ثابت ہے اور یہ روزے ظاہری اور روحانی بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے بہت نافع ثابت ہوتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ علم صرف وہی ہے جس سے لوگوں کو نفع ملے جس سے ضرر پہنچے وہ علم نہیں بلکہ شرکہلاتا ہے۔
www.aamirliaquat.com, Twitter: @AamirLiaquat
http://beta.jang.com.pk/NewsDetail.aspx?ID=94908
Recommended