برادرِ نسبتی نے بہنوئی اور اُس کے چچا کو دن دیہاڑے قتل کر دیا

  • 2 years ago
بھوانہ (میڈیا رپورٹر) عدالتی پیشی سے واپسی پر تھانہ لنگرانہ کے علاقہ چک نمبر240ہندلانہ کےقریب عدالت سے واپس آتے ہوے بردارِ نسبتی نے اپنے بہنوئی اور اُس کے چچا کو غیرت کے نام پرقتل کردیا ۔ حملے میں مقتول کا دوست بھی شدید زخمی ہو گیاہے۔

پاک ایشیا کو موصول ہونے والی ابتدائی اطلاعات کے مطابق چک نمبر 208 ساہمل کے رہائشی تیس سالہ اسد نواز ساہمل ، اُس کا چچا شفیع اور دوست عرفان تحصیل کورٹ بھوآنہ سے عدالتی پیشی نمٹا کر موٹر سائیکل پرواپس اپنے گاؤں جارہے تھے کہ ہندلانہ اڈے پر مبینہ طور پر وسیم ساہمل نامی شخص نے اپنے ساتھی کے ہمراہ اُن پر فائرنگ کردی۔ جس سے اسد نواز موقع پر جبکہ اُس کا چچا شفیع ہسپتال پہنچ کر جاں بحق ہو گیا جبکہ دوست عرفا ن کو شدید زخمی حالت میں الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا گیا ہے جہاں پر اُس کی حالت نہایت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

میڈیا رپورٹر خالد شہزاد نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کے ہلاک ہونے والے اسد نے وسیم کی بہن (جوکہ تین بچوں کی ماں ہے) سے محبت کی شادی کی تھی جو فی الحال جھگڑے کے باعث اپنے میکے میں ہی مقیم ہے۔ جھگڑے کے باعث دونوں میاں بیوی کا عدالت میں کیس چل رہا تھا جس پر وسیم نے طیش میں آکر اپنے بہنوئی ،اُس کے چچا اور دوست پر حملہ کیا ۔

یاد رہے کہ مقتول اسد تین بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا ۔پولیس نے کیس درج کر کے کاروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

Recommended