ضلعی انتظامیہ کا دورانِ رمضان گراں فروشی میں ملوث منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن

  • 2 years ago
مٹیاری (میڈیا رپورٹر) ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رمضان کے دوران مہنگی اشیاء فروخت کرنے والے اور گراں فروشی میں ملوث منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا۔

اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد عدنان راشد کے احکامات پر اسسٹنٹ کمشنر مٹیاری عدیل احمد، اسسٹنٹ کمشنر ہالا ڈاکٹر مظاہر علی، اسسٹنٹ کمشنر نیوسعیدآباد منصور علی عباسی نے مختیارکاروں کے ہمراہ ہوٹلوں، دکانوں اور بازاروں کا اچانک دورہ کرکے سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔

اسسٹنٹ کمشنر ہالا ڈاکٹر مظاہر علی نے اس موقع پر سرکاری نرخ نامے پر عمل نہ کرنے والے بیوپاریوں اور دکان دُاروں کو وارننگ جاری کرتے ہوئے 23ہزار تین سو روپے کے جرمانے عائدکیے۔اس موقع ہر مظاہر علی کا میڈیا سے کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کا رمضان آرڈیننس پر من و عن عمل کرنے کا عزم ہے۔

ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد عدنان راشد نے تمام روینیو افسران کو مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ ریٹ لسٹ کو دکانوں پر نمایاں جگہ پر آویزاں کرانے اور سرکاری نرخ ناموں پر ہر صورت میں عملدرآمد کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی اور گراں فروشی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ سرکاری نرخوں پر مکمل عملدرآمد ہماری اولین ترجیح ہے، پرائس کنٹرول کا مقصد عوام کو قیمتوں میں کمی کے سلسلے میں سہولت پہنچانا ہے۔

انہوں نے تمام افسران کو پرائس کنٹرول کے حوالے سے روزانہ رپورٹ ڈپٹی کمشنر سیکریٹریٹ میں ارسال کرنے کا پابند بھی کیا۔

Recommended