Main Tou Nahein Houn In K Jaisai Yeh Tou Urna Janay Hain - Seema Naqvi

  • 5 years ago
میں تو نہیں ہوں ان کے جیسی یہ تو اڑنا جانے ہیں
یہ جو سب خوش رنگ پرندے پنجرے کے دیوانے ہیں

بیٹھ ذرا آرام سے دل کی ڈور مجھے سلجھانے دے
الجھی الجھی دھڑکن کے کمزور سے تانے بانے ہیں

اپنی خاک سے دور سہی پر سوندھی ہے ہجرت کی دھوُل
کہنے دو کہنے والو کو، دور کے ڈھول سہانے ہیں

صرف گھڑی کی ٹک ٹک سننا، موت سے پہلے موت ہے یار
وقت سے آگے بڑھ کر دیکھو، آگے نئے زمانے ہیں

خود کو گلے لگایا، دیکھا، من آنگن برسات کے بعد
دھوپ سی آنکھیں دمک رہی ہیں بھیگے بھیگے شانے ہیں

کس کو پتا ہے کتنا وقت لگے گا ان کو بھرنے میں
درد تو بڑھتا ہی جاتا ہے لیکن زخم پرانے ہیں

زیست کی ٹرین میں اپنے اپنے فون اٹھائے گم صم سے
جانے پہچانے رستوں پر لوگ سبھی انجانے ہیں

تیرے در پر سیما نقویؔ کیوں آتے ہیں روز یہ سنگ
تُو ہی اک دیوانی ہے یا باقی سب دیوانے ہیں

سیما نقوی

Recommended