Aalam Aur Aalim 58th Episode of 2013 with Aamir Liaquat Husain 21-5-2013
  • 11 years ago
Aalam Aur Aalim 58th Episode of 2013 with Aamir Liaquat Husain 21-5-2013

قوم کے مجرموں کو باعزت راستہ نہیں سزا دی جائے ،ڈاکٹرراغب نعیمی
جیوکے شہرہٴ آفاق پروگرام” عالَم اور عالِم“ میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سے گفتگو

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جامعہ نعیمیہ لاہور کے ناظم اعلیٰ اور علامہ سرفراز نعیمی شہید کے صاحبزادے ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ جنہوں نے ملک کو بدترین صورتحال سے دوچار کیا ہے وہ قوم کے مجرم ہیں انہیں کیفر کردار تک ضرور پہنچنا چاہیے اور انہیں باعزت راستہ فراہم کرنے کے بجائے قانون کے تقاضوں کو پوراکرنا چاہیے ۔ جیوکے شہرہٴ آفاق پروگرام” عالَم اور عالِم“ میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سے گفتگو کرتے ہوئے تنظیم المدارس اہل سنت پاکستان کے نائب ناظم نے کہا کہ سابق صدر پرویزمشرف کواُن کے کیے کی سزا ملنی چاہیے اور صدر آصف علی زرداری جنہوں نے عوام کو مسائل کی دلدل میں دھکیلا ہے انہیں گارڈ آف آنر کے ساتھ رخصت کرنے کے بجائے ان کا مواخذہ کرنا چاہیے۔ مذاکرات کی بازگشت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی نوعیت کے فیصلے بحیثیت خود مختار ریاست ہمیں خود کرنے چاہئیں اور مذاکرات سے ہی ہر مسئلے کاحل نکل سکتا ہے ۔ نئی حکومت کے قیام پر علامہ سرفراز نعیمی شہید کے صاحبزادے نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ان کے شہید والد کے قاتلوں کی گرفتاری عمل میں آجائے گی۔”تبدیلی“ کے موضوع پرناظرین کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تک ہم خود کو تبدیل نہیں کریں گے اُس وقت تک تبدیلی نہیں آئے گی ، ہم دوسروں پر تنقید کرتے ہیں مگر اپنے حال پر نظر نہیں ڈالتے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب عوام کو انصاف ان کی دہلیز پر میسر ہوگا اور ان کے مسائل حل ہوں گے تب ہی تبدیلی کا عمل مکمل ہوسکے گا۔پروگرام کے آغازمیں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اپنے مخصوص انداز میں ملکی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اٹھارہ کروڑ افراد کے لیے کوئی راہ فرار نہیں، مفاہمت کی جگہ مصلحت نے لے لی ہے جبکہ ایک دوسرے کی کردار کشی کرنے والے ذاتی مفادات کے لیے ایک ہوجاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ انہیں بظاہر کوئی تبدیلی آتی نظر نہیں آرہی نہ ہی وعدے پورے ہوتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ پروگرام کے دوران ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے ڈاکٹر سرفراز نعیمی شہید کی خدمات اور قربانی پر انہیں خراج عقیدت بھی پیش کیا۔عشق وعقیدت سے معمور پروگرام کے دوسرے حصے میں ملک کے ممتاز ثناخواں احمدرضاقادری کے ساتھ حضورپُرنور کو عاجزانہ خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ڈ اکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا ہے کہ غلامانِ رسول کا اول و آخر حوالہ آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ والا صفات ہے اور ہمارے تمام عیبوں کو اِس مقدس حوالے نے ڈھانپ رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنی تمام تر روسیاہیوں کے باوجود جو نعمتیں ہمیں حاصل ہو رہی ہیں وہ سرکاردوعالمﷺ کی نسبت کے طفیل ہے اگریہ سہارا نہ ہوتا توہم کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہ ہوتے نہ ہی ہماری کوئی شناخت ہوتی۔ عشق کے رنگ میں رنگی اس روح پرور محفل کوملک کے مایہ ناز ثنا خواں احمد رضا قادری نے عشق کی حدت سے مسلسل گرمائے رکھا اوردنیابھر میں موجود کروڑوں ناظرین کے کانوں میں عقیدت کا رس گھول دیا ۔
www.aamirliaquat.com, Twitter: @AamirLiaquat
Recommended